امیتابھ بچن کی 77 ویں سالگرہ ‘ فلمی شخصیتوں کی مبارکباد

   

ممبئی 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) میگا اسٹار امیتابھ بچن آج 77 سال کے ہوگئے ۔ آج ان کی 77 ویں سالگرہ تھی ۔ اس موقع پر کئی فلمی شخصیتوں نے میگااسٹار کو مبارکباد پیش کی ۔ ایک دور میں ہندوستانی سنیما کے اینگری ینگ مین کی حیثیت سے جانے جانے والے امیتابھ بچن نے بے شمار کامیاب ہندی فلموں میں کام کیا ہے ۔ وہ چار نیشنل ایوارڈز اور 15 فلم فیر ٹرافیز حاصل کرچکے ہیں۔ وہ ہندوستانی سنیما میں اپنے پانچ دہے بھی پورے کرچکے ہیں۔ ان کی پہلی فلم خواجہ احمد عباس کی ہدایت کردہ سات ہندوستانی 1969 میں ریلیز ہوئی تھی ۔ گذشتہ مہینے انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا ہے ۔ اداکار راج کمار راؤ‘ فرحان اختر ‘ اجئے دیوگن ‘ افسانوی گلوکارہ لتا منگیشکر ‘ شتروگھن سنہا ‘ انیل کپور ‘ شلپا شیٹی ‘ سنیل شیٹی اور پرسون جوشی نے ٹوئیٹر پر امیتابھ بچن کو سالگرہ کی مبارکباد دی ہے اور کہا کہ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جن سے کئی دوسروں کو جذبہ حاصل ہوتا ہے ۔ سبھی فلمی شخصیتوں نے ہندوستانی سنیما کیلئے امیتابھ بچن کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے ۔