رائے پور: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج رائے پور پولیس پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ پروگرام میں ریاستی پولیس کو صدر کا بیج (پولیس کلر ایوارڈ2024)سونپا۔یہ ملک کی مسلح افواج کو دیا جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے ۔ ریاست کو یہ اعزاز چھتیس گڑھ پولیس کی گزشتہ 24 برسوں میں غیر معمولی خدمات، بہادری اور فرض شناسی کیلئے ملا ہے ۔ چھتیس گڑھ یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی سب سے کم عمر ریاست ہے ، جس نے اپنے قیام کے صرف 24 سال میں یہ کامیابی حاصل کی ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ صدر کا پولیس کلرس ایوارڈ صرف ایک اعزاز نہیں ہے ، یہ خدمت اور فرض کی علامت ہے ۔ چھتیس گڑھ پولس نے نکسلزم، منظم جرائم اور منشیات کے خلاف لڑائی میں جس ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا وہ بے مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ پولیس ملک کی بہترین اور بہادر پولیس کے طور پر ابھری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں چھتیس گڑھ اور ملک کو نکسل فری بنانے پابند عہد ہیں۔ 31 مارچ 2026 تک چھتیس گڑھ اور ملک سے نکسل ازم کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا ۔ شاہ نے کہا کہ چھتیس گڑھ پولیس نے نہ صرف امن و قانون برقرار رکھا ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مضبوط کیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر کا پولیس کلرز ایوارڈ پولیس فورس کیلئے ترغیب کا باعث بنے گا اور ان کے حوصلے کو مزید بلند کرے گا۔