امیت شاہ نے نفرت کے بیج بو کر ملک کو ناکام کردیا: راہول

,

   

نئی دہلی : آسام اور میزورم کی سرحد پر پرتشدد جھڑپوں میں آسام پولیس کے 5 جوانوں کی ہلاکت کے ایک روز بعد آج سابق صدر کانگریس راہول گاندھی نے اِن اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ پر طنز میں کہاکہ اُنھوں نے نفرت کے بیج بوکر ملک کو ناکام کیا اور عوام کی زندگیوں میں بے اعتمادی پیدا کردی ہے۔ راہول نے آسام میزورم بارڈر کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹ کیاکہ جن کی جان گئی ہے اُن کے افراد خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ مجھے اُمید ہے زخمی افراد جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔ ایچ ایم (ہوم منسٹر) نے نفرت کے بیج بوکر اور عوام کی زندگیوں میں بداعتمادی پیدا کرتے ہوئے پھر ایک بار ملک کو ناکام کیا ہے۔ ہندوستان اِس کے خطرناک نتائج بھگت رہا ہے۔ گزشتہ روز ریاست میزورم کی دستوری سرحد کے دفاع کی کوششوں میں آسام پولیس کے 5 ارکان ہلاک ہوگئے اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ دونوں شمال مشرقی ریاستوں کے درمیان سرحدی تنازعہ گزشتہ روز پرتشدد بن گیا۔ حکومت آسام نے ایک بیان میں کہاکہ 5 مہلوکین سب انسپکٹر سواپن رائے اور کانسٹبلس لیٹن سکلا بیدیا، ایم ایچ بربھویا، این حسین اور ایس بربھویا ہیں۔ وقفہ وقفہ سے آسام اور میزورم کی سرحد پر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں اور یہ تنازعہ طویل عرصہ سے تصفیہ طلب ہے۔