امیت شاہ کیخلاف شنکرسنہہ واگھیلا کو امیدوار بنانے کی تجویز

   

احمد آباد25مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) گجرات میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر جینت پٹیل عرف جینت بوسکي نے آج دعوی کیا کہ انہوں نے پارٹی اعلی کمان کو گاندھی نگر لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی امیدوار اور پارٹی صدر امت شاہ کے خلاف سابق وزیر اعلی شکرسنگھ واگھیلا جیسے بڑے اور تجربہ کار شخص کو اتارنے کا مشورہ دیا ہے ۔ بوسکي نے ’یو این آئی‘ کو بتایا کہ مسٹر واگھیلا ماضی میں گاندھی نگر کے ایم پی رہ چکے ہیں ( 1989 میں بی جے پی کے ٹکٹ پر) اور وہ وہیں رہتے بھی ہیں۔ انہیں خاصا تجربہ ہے اور وہ ایسے قدآور لیڈر ہیں جو شاہ کو چیلنج کرسکتے ہیں۔مسٹر بوسکي نے دعوی کیاکہ اعلی کمان نے ان کی تجاویز کو مثبت انداز میں لیا ہے اور جلد ہی اس سلسلہ میں باضابطہ اعلان ہو سکتا ہے ۔واضح رہے کہ مسٹر واگھیلا نے گزشتہ 29 جنوری کو این سی پی کا دامن تھاما تھا اور انہیں اس کا قومی جنرل سکریٹری بنایا گیا تھا۔ ادھر، واگھیلا کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ان کے لیڈر کو اعلی کمان نے الیکشن لڑنے کے بارے میں کوئی ہدایت نہیں دی ہے ۔