امیت شاہ کے ہیلی کاپٹر کی بنگال میں لینڈنگ ،بی جے پی اور ضلع انتظامیہ میں اختلاف

   

کولکاتا۔ 21 جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) مالدہ میں بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کی ریلی میں 24گھنٹے سے بھی کم کا وقت بچا ہے تاہم اب تک ہیلی کاپٹر کے لینڈنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوا ہے ۔بی جے پی کے پروگرام کے مطابق امیت شاہ 11بجے صبح باگ ڈوگرا ائیر پورٹ پہنچیں گے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مالدہ پہنچیں گے ۔ان کا ہیلی کاپٹر گولڈن پارک ہوٹل اینڈ ریسورٹ میں اترے گا۔تاہم ممتا بنرجی کی قیادت والی انتظامیہ نے اب تک ہوٹل میں ہیلی کاپٹر کے لینڈنگ کی اجازت نہیں دی ہے ۔مالدہ کے ضلع انتظامیہ کوشک بھٹاچاریہ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو بنگال بی جے پی کی طرف سے اب تک ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ سے متعلق کوئی درخواست نہیں ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی درخواست یا پھر خط نہیں ملا ہے ۔ایڈیشنل مجسٹریٹ مالدہ نے 20جنوری کو مالدہ ائیر پورٹ پر ہیلی کاپٹر کے لینڈنگ سے متعلق جواب میں کہا تھا کہ چوں کہ ائیر پورٹ کے تجدیدکاری کاکام چل رہا ہے ،بالو اور دیگر سامان بڑی تعداد میں موجود ہیں، اس لیے ائیر پورٹ محفوظ لینڈنگ کیلئے تیار نہیں ہے ۔اس لیے ائیر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے ۔تعمیراتی کام کی وجہ سے عارضی ہیلی پیاڈ کی تعمیر ناممکن ہے ۔بی جے پی مالدہ کے صدر سنجیت مشرا نے کہا کہ انتظامیہ نے شاہ پور گراؤنڈ میں ریلی کرنے کی اجازت دی ہے ۔وہیں پر ہیلی کاپٹر کے لینڈنگ کی بھی اجازت دی ہے ۔تاہم اس کیلئے سخت محنت کررہے ہیں۔آج صبح بی جے پی نے کہا تھا کہ امیت شاہ کا ہیلی کاپٹر پارک ہوٹل اینڈ ریزارٹ میں اُترے گا اور ہم اس کیلئے اجازت مانگ رہے ہیں۔