امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی 2 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچے

,

   

اسلام آباد۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام) امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا پرتپاک استقبال کیا۔امیر قطر شیخ تمیم کو پاکستان پہنچنے پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور وزیراعظم عمران خان معزز مہمان کی گاڑی خود چلا رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم اہم وزراء اور سینیئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ امیر قطر وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔اس دوران وہ صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر کے دورے کے دوران معاشی اشتراک اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط ہو گا۔اس سے قبل بھی مارچ 2015 میں امیر قطر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔