امیر کویت کو نشان ترکیہ ایوارڈ

   

انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے امیر کویت الصباح کوجمہوریہ ترکیہ کے قومی نشان کا اعزاز دیا۔ سرکاری دورے پر انقرہ میں موجود امیر کویت کے لیے ایوان صدر میں ایک خصو صی تقریب منعقد کی گئی۔ ایوان صدر میں تقریب کے آغاز پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد امیر کویت کو یہ اعزاز پیش کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماوں کے درمیان بالمشافہ اور بین الاوفود ملاقاتیں ہوئی جس کے دوران دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں صحت، ثقافتی اورتعلیمی شعبوں میں تعاون کے پہلووں پر غور کیا گیا۔صدر ایردوان نے اس موقع پر کہا کہ ہم کویت کی علاقائی سلامتی وبقا کی حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہر سطح پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے۔ملاقات کا دیگر اہم موضوع غزہ پر اسرائیل کے حملے تھا۔ اس دوران صدر اردغان اور امیر کویت کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان 6 مختلف معاہدہ بھی طے کیے گئے۔