امین الحسن جعفری نے عبوری صدرنشین کونسل کا عہدہ سنبھالا

,

   

ریاستی وزراء محمود علی اور پرشانت ریڈی نے مبارکباد پیش کی
حیدرآبا 13۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے عبوری صدرنشین کی حیثیت سے امین الحسن جعفری نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ صدرنشین کے چیمبر میں امین الحسن جعفری نے ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی موجودگی میں عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی۔ وزراء محمد محمود علی ، پرشانت ریڈی ، ارکان مقننہ محمد معظم خاں، جعفر حسین معراج ، احمد پاشاہ قادری ، ریاض الحسن آفندی، رکن کونسل وی گنگا دھر گوڑ، ٹی مدھو ، بی وٹھل اور سابق رکن کونسل ایم رنگا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ لیجسلیچر سکریٹری نرسمہا چاریلو نے گورنر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن حوالے کرکے عبوری اسپیکر کو عہدہ کی ذمہ داری سے متعلق فائل پر دستخط حاصل کی ہے۔ اس عہدہ پر موجود بھوپال ریڈی کی میعاد 4 جنوری کو ختم ہوئی جس کے بعد کونسل کے سینئر ترین رکن امین الحسن جعفری کو عبوری اسپیکر نامزد کرنے گورنر نے احکامات جاری کئے ۔ وہ کونسل کے باقاعدہ صدرنشین کے انتخاب تک برقرار رہیں گے۔ امین الحسن جعفری نے عثمانیہ یونیورسٹی سے جرنلزم کی ڈگری حاصل کی اور انگلش ، تلگو اور اردو اخبارات اور میگزینس میں ان کی رپورٹس اور مضامین شائع ہوئے ہیں۔ تین دہوں سے زائد تک صحافتی میدان میں انہیں تجربہ حاصل ہے۔ 2010 ء میں انہیں پہلی مرتبہ کونسل کا رکن نامزد کیا گیا تھا۔ 2011 ء سے 2014 ء تک وہ دوسری مرتبہ کونسل کیلئے منتخب ہوئے ۔ 2014 ء سے 2017 ء تک تیسری مرتبہ کونسل میں میعاد کی تکمیل کی ۔ 2 مارچ 2017 ء کو انہیں چوتھی مرتبہ رکن منتخب کیا گیا۔ وزیر مقننہ پرشانت ریڈی نے ایک صحافی کو کونسل عبوری صدرنشین پر فائز کرنے پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ امین الحسن جعفری اس عہدہ پر نمایاں خدمات انجام دیں گے۔ر