امیٹھی میں راہول گاندھی اور سمرتی ایرانی کا آمنا سامنا متوقع

   

امیٹھی ۔22 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی چہارشنبہ سے اپنے حلقہ انتخاب کے دو روزہ دورہ کا آغاز کریں گے ۔ جہاں اپنے قیام کے دوران وہ فرصت گنج میں گرام پنچایت نمائندوں سے بات چیت کریں گے ۔ کوری گنج میں بار کے نومنتخب ارکان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے ۔ راہول گاندھی کے نمائندہ چندرکانت دوبے نے کہاکہ گاندھی ہالیہ پور میں ’نکڑ سبھا‘ سے خطاب کریں گے اور بھونیمو گیسٹ ہاؤز میں رات کا قیام کریں گے اور دوسرے روز دہلی واپسی سے قبل کانگریس کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ان کے اس دورہ کے روز ہی مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کی یہاں آمد مقرر ہے ۔ جس کو عام انتخابات سے قبل ایک بڑا سیاسی آمنا سامنا تصور کیا جارہا ہے ۔ یوپی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی کا مقررہ دورہ رائے بریلی منسوخ کردیا گیا ہے ۔