انتخابات میں طاقت و پیسے کا استعمال روکنے عوام آگے آئیں نائب صدر وینکیا نائیڈو کا خطاب

,

   

حیدرآباد 9 جنوری ( سیاست نیوز ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ انتخابات میں پیسے اور طاقت کے استعمال کو صرف الیکشن کمیشن نہیں روک سکتا ۔ اس کیلئے شہروں کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے انڈین اسکول آف بزنس کی جانب سے منعقدہ ایک سالانہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ انتخابات میں پیسے اور طاقت کا جو استعمال ہوتا ہے اس کو صرف الیکشن کمیشن نہیں روک سکتا ۔ اس کیلئے سیاسی جماعتوں ‘سیول سماج ‘ کارپوریٹس اور انتخابی اصلاحات کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ تاہم سب سے اہم بات یہ ہے کہ جو ووٹرس ہیں انہیں پیسے کے اثر کو روکنے کیلئے سبقت لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرس کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ چند ہزار روپئے کے عوض ووٹ بیچنا اخلاقی سمجھوتہ ہے اور یہ جمہوری اقدار کے مغائر ہے ۔ اگر کوئی ووٹر اپنا ووٹ بیچنا ہے تو پھر وہ اقتدار پر آنے والی حکومت سے سوال کرنے کے حق سے محروم ہوجاتا ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے مزید کہا کہ عوام کو ان کے ووٹ کی طاقت کے تعلق سے باشعور بنانے کی ضرورت ہے ۔ انتخابی اصلاحات کو نافذ کرتے ہوئے کرپشن کے خاتمہ کی کوشش کی جانی چاہئے اور ہماری جمہوری سیاست کے معیار کو بلند کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ ووٹرس کو اس تعلق سے باشعور بنانے کیلئے موثر مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ انہیں ووٹ کی اہمیت کو سمجھانے کی ضرورت ہے ۔