انتخابی بائیکاٹ کی افواہیں، پی ٹی آئی نے سخت تردید کی

   

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے ان افواہوں کی سخت تردید کی ہے جن کے مطابق پارٹی انتخابات کا بائیکاٹ کرنا چاہتی ہے یا ارادہ رکھتی ہے۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی خبروں کو فیک نیوز قرار دیا ہے۔ کچھ دنوں پہلے سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد کچھ حلقوں میں چہ میگوئیاں ہورہی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف بھی انتخابات کا بائیکاٹ کر رہی ہے۔ تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ زور و شور سے انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں۔ پارٹی کے ایک رہنما اور عمران خان کے معتمد خاص فیصل شیر جان نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ کسی بھی صورت میں بائیکاٹ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ چاہے ہم پر جتنا ہی جبر کیا جائے، جتنی بھی گرفتاریاں کی جائیں، جتنے ہی مقدمات بنائے جائیں ہم انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ ہم اس کی بھرپور تیاری کریں گے اور اس سرگرمی میں حصہ لیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رہنما اور کے پی کے سابق صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا کہنا ہے کہ پارٹی کسی بھی صورت میں انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔