انتخابی ضابطے نافذ، حساس علاقوں پر خصوصی توجہ

   

پارلیمانی حلقہ محبوب نگر میں 1680348 ووٹرس، 1916 رائے دہی مراکز، کلکٹر کا بیان
محبوب نگر ۔ 19 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جیسے ہی جاریہ ماہ کی 16 کو لوک سبھا انتخابات کے عمل کا اعلان کیا تب سے ہی انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ عمل میں آچکا ہے۔ یہ وضاحت ضلع کلکٹر الیکشن آفیسر روی نائک نے دی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کی طرح لوک سبھا انتخابات کے لئے بھی پرامن انعقاد کے انتظامات کئے جائیں۔ وہ پیر کے دن کلکٹریٹ میں لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر میڈیا سنٹر کا افتتاح کررہے تھے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ 18 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ 25 اپریل تک نامزدگیاں داخل کی جاسکیں گی۔ 26 اپریل کو تنقیح اور 29 اپریل کو دستبرداری کی تاریخ رہے گی۔ 13 مئی کو پولنگ ہوگی۔ حلقہ پارلیمان محبوب نگر کے تحت محبوب نگر، مکتھل، کوڑنگل، نارائن پیٹ، دیورکدرہ، جڑچرلہ، شاد نگر حلقہ جات میں جملہ ووٹرس کی تعداد 1680348 ہے جن کے لئے 1916 پولنگ مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔۔ گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کے لئے 85 سال سے زائد اور معذورین کو فارم 12 پر کرکے درخواست داخل کرنا ہوگا۔ انتخابات کے لئے 18 نوڈل آفیسرس کا تقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیکٹوریل آفیسرس، شراب اور رقومات کی ضبطی کے لئے ٹیمیں، ضلع سطح پر کمیٹی کا قیام، کنٹرول روم قائم کرکے 24 گھنٹے نگرانی رکھی جائے گی۔ ٹول فری نمبر اور سی ویزل 1950 پر کال کرکے شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔ کلکٹر نے ایم ایل سی کے ضمنی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 28 مارچ کو حلقہ پارلیمان محبوب نگر کے تحت 7 اسمبلی حلقہ جات میں 10 مراکز پر پولنگ ہوگی۔ رائے شماری کے لئے گورنمنٹ جونیر کالج بوائز محبوب نگر مرکز ہوگا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی راملو نے کہا کہ شراب اور نقدی کی ضبطی کے لئے 3 خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ حساس علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ اجلاس میں ڈی آر اور وی کمار، ڈی پی آر او سرینواس، انفارمیشن ڈپٹی انجینئر نائک و دیگر موجود تھے۔