عنقریب 4 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ،کھمم میں ترقیاتی پروگراموں میں شرکت
حیدرآباد۔/4 اگسٹ،( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات اور وعدوں کی تکمیل سے عوام مطمئن ہیں اور اپوزیشن کی الزام تراشی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پی سرینواس ریڈی نے کھمم ضلع میں مختلف ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو یقین دلایا کہ 6 ضمانتوں پر موثر انداز میں عمل کی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری دواخانوں میں بہتر طبی سہولتوںکی فراہمی کیلئے ڈاکٹرس و دیگر جائیدادوں پر تقررات کررہی ہے۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ تعلیم اور صحت حکومت تلنگانہ کی ترجیحات میں شامل ہیں اور بجٹ میں دونوں شعبہ جات کیلئے بھاری رقم مختص کی گئی۔ راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت غریبوں کو 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ مسٹر سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں اندراماں راج کے قیام کے بعد حکومت نے کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے تحت 31 ہزار کروڑ کے قرض معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر مال نے بتایا کہ بی آر ایس دور حکومت میں دھرانی پورٹل سے کسان اپنی اراضیات سے محروم ہوگئے۔ کانگریس حکومت نے دھرانی پورٹل کے نقائص کو دور کرکے کسانوں کو اراضیات کے حقوق فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 4 لاکھ 50 ہزار مکانات کی غریبوں کیلئے تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ راج شیکھر ریڈی دور میں غریبوں کو امکنہ اراضی فراہم کی گئی تھی لیکن بی آر حکومت نے غریبوں سے اراضی حاصل کرلی۔ انہوں نے کہا کہ ایل آر ایس اسکیم پر عمل آوری کیلئے حکومت نے گائیڈ لائنس طئے کئے ہیں۔ آئندہ تین ماہ میں زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ایل آر ایس اسکیم پر عمل آوری سے سرکاری خزانہ کو 10 ہزار کروڑ کی آمدنی ہوگی۔1