انحراف روکنے میں پارٹی قیادت ناکام: سدھاکر ریڈی

   

حیدرآباد۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی نے ارکان اسمبلی کے انحراف کو روکنے میں قائدین کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں سدھاکر ریڈی نے کہا کہ پارٹی قائدین ارکان اسمبلی کو انحراف سے روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے ارکان کو ٹی آر ایس میں شمولیت سے روکنے کی ترغیب نہیں دی جس کے نتیجہ میں انحراف کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی پارٹی قیادت کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔ اگر قیادت محاسبہ نہیں کرے گی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں موجودہ سیاستی صورتحال غیر یقینی ہے۔ قائدین کا انفرادی ایجنڈا پارٹی کے لیے نقصاندہ ثابت ہورہا ہے۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی موجودہ صورتحال سے وہ کانگریس اعلی کمان کو واقف کراچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے حوصلوں کو بلند رکھنے کے لیے سینئر قائدین کو متحرک ہونا پڑے گا۔ سدھاکر ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ کانگریس میں متحدہ قیادت کی کمی دیکھی جارہی ہے۔ جس کے نتیجہ میں انحراف جیسے واقعات رونما ہورہے ہیں۔