اندرا اماں ہاؤزنگ ٹاورس کیلئے /27 سے /30 اگست تک قرعہ اندازی

   

اہل امیدواروں کی ڈرافٹ لسٹ جاری ۔ /23 اگست تک اعتراضات قبول ، /25 اگست کو فائنل لسٹ کی اجرائی
حیدرآباد : /20 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ کی جانب سے کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کے تحت تعمیر کردہ اندرا اماں ہاؤزنگ ٹاورس میں فلیٹس کی تخصیص کیلئے مرحلہ وار قرعہ اندازی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ہاؤزنگ بورڈ کے وائس چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر گوتم نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فلیٹس کے الاٹمنٹ کیلئے 27 تا/30 اگست 2026ء تک مسلسل چار دنوں تک شفاف انداز میں قرعہ اندازی کی جائے گی ۔ حیدرآباد کے تمام 16 اسمبلی حلقوں سے جملہ 7340 فلیٹس کیلئے 61500 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ۔ جن کی باریک بینی سے جانچ کرتے ہوئے اہل امیدواروں کی فائنل ڈرافٹ لسٹ تیار کرلی گئی ہے ۔ گوتم نے کہا کہ مسودہ فہرست پر اگر کسی کو کوئی اعتراض یا شکایت ہو تو وہ /23 اگست کی شام تک ہاؤزنگ بورڈ میں اپنے اعتراضات درج کرواسکتے ہیں ۔ تمام اعتراضات کی تصدیق کے بعد قرعہ اندازی میں حصہ لینے والے اہل درخواست دہندگان کی قطعی فہرست کا /25 اگست کو اعلان کیا جائے گا ۔ تمام تفصیلات اور فہرستیں سرکاری ویب سائیٹ (tghb.cgg.gov.in) اور ts.meeseva.telangana.gov.in پر جمعرات سے دستیاب کردی جائیں گی ۔ اگر کسی کو شکوک و شبہات ہو یا مزید معلومات حاصل کرنا ہو تو وہ ہیلپ لائن نمبر 040-24603572 پر رابطہ پیدا کرسکتے ہیں ۔ 2/y