اندرون 100 یوم 500 روپئے میں گیاس سلینڈر کی فراہمی کا عہد

   

نئے راشن کارڈز کی اجرائی سے متعلق بھی جلد فیصلہ ‘ اتم کمار ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔12۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت اندرون 100 یوم 500 روپئے گیاس سلینڈر کے وعدہ کو پورا کرنے اقدامات کرے گی ۔ کانگریس نے انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے ان تمام وعدوں کو پورا کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر سیول سپلائزکیپٹن اتم کمار ریڈی نے آج محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کرکے محکمہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے راشن کارڈس کیلئے درخواستوں کی وصولی کے متعلق جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران عہدیداروں نے وزیر موصوف کو بتایا کہ محکمہ سیول سپلائز پر 56 ہزار کروڑ کے قرض کا بوجھ عائدہے جو گذشتہ 10برسوں میں بڑھا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دھان پر 500 روپئے فی کنٹل بونس کی اجرائی اور 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اسکیم پر عمل کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کے اقدامات کریں اور حکومت کے وعدہ کو پورا کرنے منصوبہ بندی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سفید راشن کارڈ پر جو فی کس 6 کیلو چاول دیا جا رہاہے اس میں 5کیلو چاول مرکزی حکومت سے دیئے جا رہے ہیں جبکہ اس میں ریاستی حکومت نے 1کیلو کا اضافہ کیا ہوا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں راشن سے مفت چاول کو فروخت کی جانے والی اطلاعات اور اس کے اڈلی اور دیگر مقاصد کیلئے استعمال پر قابو پانے کیلئے معیاری چاول راشن کی دکانات کے ذریعہ فراہم کرنے کو یقینی بنانے کی عہدیداروں کو ہدایات دیں اور کہا کہ حکومت کی جانب سے سیول سپلائز محکمہ کو کارکرد اور فعال بناکر ان کے محکمہ کے تحت آنے والی ضمانتوں پر جلد عمل کا تیقن دیا اور کہا کہ اندرون 100 یوم وہ ان ضمانتوں پر عمل کو یقینی بناتے ہوئے 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اور دھان کی خریدی پر 500 روپئے بونس کی اجرائی کے احکام جاری کرینگے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے دوران انکشاف ہوا کہ حکومت کے بیشتر محکمہ جات قرض میں مبتلا ہیں لیکن محکمہ جاتی سطح پر اس بات کا انکشاف کرنے کے بجائے مالی موقف کو خفیہ رکھا جارہا تھا۔