انسداد سڑک حادثات کیلئے شعور بیداری اور سرکاری محکموں سے تال میل پر زور

   

سائبرآباد کمشنریٹ میں اعلی سطحی اجلاس ، کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار کا خطاب
حیدرآباد /17 جولائی ( سیاست نیوز ) سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے عوام شعور بیداری اور سرکاری محکموں کا تال میل کو یقینی بنانا چاہئے تاکہ سڑک حادثات کی روک تھام اور اموات پر قابو پایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر وی سی سجنار کمشنر پولیس سائبرآباد نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں کمشنریٹ میں ایک اعلی سطح اجلاس طلب کیا اور سڑک حادثات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ اصل وجوہات کا پتہ چلائے بغیر حادثات کا تدارک کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے پولیس ملازمین کو تاکید کی کہ وہ حادثہ کی اطلاع پر فوری رد عمل ظاہر کریں اور جائے مقام پہونچ جائیں حادثہ چاہے معمولی ہو یا پھر اس میں کسی کی موت ہوتی ہو اس کا مکمل جائزہ لیں ۔ مقام کی جانچ کریں وجوہات کا پتہ لگائیں ۔ وجہ کی نشاندہی کرتے ہوئے اس پر اقدام کریں کہ آیا حادثہ سڑک کی خرابی سے ہوا ہے یا پھر اور کیا وجہ ہے ۔ سڑک کی خرابی اور خستہ حال ہونے پر متعلقہ محکمہ کی اس کی اطلاع دیں اور فوری اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیدل چلنے والے شہریوں کی ہر لحاظ سے حفاظت اور حادثات سے ان کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک حادثات کی روک تھام اور جانوں کے تحفظ کیلئے تحقیق اور تجویز کی پالیسی کو اپنانا چاہئے ۔ سڑک کی خرابی انجینئیرنگ کی خامی یا پھر اس سڑک پر میکانیکل خامیاں ہی ان پر توجہ مرکوز کریں اور عوام میں شعور بیدار کریں جس کا بہترین نتیجہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر ڈی سی پی ٹریفک سائبرآباد مسٹر وجئے کمار نے بتایا کہ حادثات کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے سائبرآباد میں ایک خصوصی سیل ٹریفک روڈ ٹریفک مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے ۔ جس میں ایک انسپکٹر سطح کے عہدیدار نگرانکار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس خصوص سیل کی جانب سے تمام حادثات بالخصوص پٹ اینڈرن پر توجہ دی جارہی ہے اور بہترین اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔