رکن پارلیمنٹ ملو روی رکن کونسل عامر علی خاں اور سینئر قائدین کی شرکت، مجاہدین آزادی کو خراج
حیدرآباد۔17۔ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں انضمام حیدرآباد تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پردیش کانگریس سیوا دل کے صدر ایم جتیندر کی قیادت میں گاندھی بھون میں مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے ۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی ٹی کمار راؤ نے قومی پرچم لہرایا اور انضمام حیدرآباد کی جدوجہد میں حصہ لینے والی مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ اور تلنگانہ کا خصوصی ترانہ پڑھا گیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ناگر کرنول ڈاکٹر ملو روی ، رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں ، صدرنشین کرسچین فینانس کارپوریشن دیپک جان کے علاوہ عوامی نمائندوں اور پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں اور محاذی تنظیموں کے قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمار راؤ نے کہا کہ 15 اگست 1947 کو ملک آزاد ہوا لیکن تلنگانہ اسٹیٹ کے انضمام کے لئے طویل جدوجہد کی گئی اور 17 ستمبر 1948 کو انضمام عمل میں آیا۔ انضمام کی جدوجہد میں عوام کے علاوہ کسانوں ، نوجوانوں اور خواتین نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی حکمرانی کے خلاف تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت تلنگانہ میں تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کر رہی ہے ۔ رکن پارلیمنٹ ملو روی نے کہا کہ تلنگانہ مسلح جدوجہد سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ سی پی آئی ، سی پی ایم اور کانگریس پارٹی نے تلنگانہ مسلح جدوجہد میں حصہ لیا۔ انہوں نے انضمام کی جدوجہد میں جانوں کی قربانی دینے والے مجاہدین کو خراج پیش کیا ۔ 1/k