انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ خصوصی عدالت میں جگن موہن ریڈی کی آج حاضری

   


رکن پارلیمنٹ اور مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کو سمن جاری

حیدرآباد۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی خصوصی عدالت نے چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی اور وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی کو 11 جنوری کو عدالت میں حاضری کی ہدایت دی ہے۔ مختلف فارما کمپنیوں ہیتھرو،آروبندو اور ٹریڈنٹ لائف سائنسیس کے 7 ڈائرکٹرس کو بھی عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آندھرا پردیش انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کے عہدیدار بھی اس مقدمہ میں شریک ہیں۔ سی بی آئی نے مقدمہ کی جانچ کے دوران الزام عائد کیا ہے کہ فارما کمپنیوں نے جگن موہن ریڈی کے اداروں میں سرمایہ کاری کے ذریعہ رشوت دی ہے۔ کمپنیوں کو وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں 2004-09 کے درمیان اراضی الاٹمنٹ کیلئے مبینہ طور پر یہ رشوت دی گئی تھی۔ اس مقدمہ کو حال ہی میں نامپلی میٹرو پولیٹن سیشن جج کورٹ سے انفورسمٹنٹ ڈائرکٹوریٹ کی خصوصی عدالت منتقل کیا گیا اور جج نے تازہ سمن جاری کیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 6 چارج شیٹ داخل کئے ہیں جبکہ سی بی آئی نے اسی کیس میں 11 چارج شیٹ داخل کئے۔