انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات،فیس داخل کرنے کی 27 اپریل تک توسیع

   

حیدرآباد 23 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج کی اجرائی کے بعد پیدا شدہ سنگین صورتحال بڑے پیمانے پر کئے جانے والے احتجاج و دھرنا پروگراموں کی روشنی میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے احتجاجی طلباء کی برہمی کو کسی قدر کم کرنے کے مقصد سے سپلیمنٹری امتحانات کے لئے فیس داخل کرنے اور ناکام طلباء کو اپنے پرچوں کی دوبارہ جانچ کروانے و نشانات کی دوبارہ گنتی کروانے کے لئے فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 اپریل سے بڑھاکر دو دن اضافہ کرتے ہوئے اب 27 اپریل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیس کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے ویب سائیٹ کے ذریعہ اور ٹی ایس آن لائن سیوا مراکز کے ذریعہ ادا کرکے داخل کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ سکریٹری تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک نے یہ بات بتائی اور کہاکہ امتحانی نتائج میں پائی جانے والی بعض مبینہ بے قاعدگیوں کی وجہ سے طلباء و طالبات کثیر تعداد میں اپنے امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ کروانے یا نشانات کی دوبارہ گنتی کروانے کے لئے درخواستیں پیش کرنے کی کوشش کے نتیجہ میں فیس رقم ادا کرنے میں کئی ایک فنی مسائل پیدا ہورہے ہیں لہذا فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 اپریل ہونے کی وجہ سے ناکام طلباء و طالبات کی تشویش میں مزید اضافہ کا قوی امکان ہے ۔