انٹر سال اول ناکام امیدواروں کو پاس کرنے کا عمل مکمل،آج سے آن لائین نتائج کا مشاہدہ

   

حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے بتایا کہ تمام سرکاری اورخانگی جونیئر کالجس کے طلبہ ، سرپرستوں اور پرنسپلس کو اطلاع دی جاتی ہے کہ فرسٹ ایئر انٹرمیڈیٹ امتحان میں فیل طلبہ کو حکومت نے اقل ترین پاسنگ نشانات کے ساتھ کامیاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیدواروں کے وہ مضامین جن میں وہ فیل ہوئے تھے، انہیں اقل ترین نشانات کے ساتھ کامیاب کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ۔ طلبہ و کالجس پرنسپلس بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی ویب سائیٹ https://tsbie.cgg.gov.in سے 7 جنوری سے آن لائین نتیجہ اور مارکس میمو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ 7 جنوری کی شام 5 بجے سے ویب سائیٹ پر ڈاؤن لوڈ کی سہولت دستیاب رہے گی۔ اسی دوران انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر امتحانات اکتوبر 2021 ء میں شرکت کرنے والے طلبہ جو اپنے ناکام مضامین کا ری ویریفیکیشن اور ری کاؤنٹنگ کرانے کی درخواست داخل کرچکے ہیں، انہیں اپنی درخواستیں منسوخ کرنے کی سہولت دی جارہی ہے ۔ ایسے طلبہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی ویب سائیٹ پر 7 جنوری سے اپنی درخواستوں کو منسوخ کرسکتے ہیں۔ ری ویریفکیشن اور ری کاؤنٹنگ کے لئے درخواستوں سے دستبرداری کی آخری تاریخ 17 جنوری کی شام 5 بجے ہے۔ درخواستوں کی منسوخی کی صورت میں طلبہ کی جانب سے حاصل کی گئی فیس یکم فروری سے متعلقہ کالج پرنسپل سے حاصل کرسکتے ہیں۔ر