انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی جائیدادوں کا ہراج

   

15 ہزار محفوظ قیمت والا پلاٹ 2 کروڑ روپئے میں فروخت
سناتن اسکول قائم کرنے خریدار کا اعلان ۔ دو پلاٹس کیلئے کوئی بولی دہندہ آگے نہیں آیا

ممبئی : انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی چار جائیدادوں کا ہراج آج پورا ہوا ۔ دو جائیدادیں فروخت نہیں ہوسکیں کیونکہ کسی نے ان کی بولی نہیں لگائی ۔ ایک قطعہ اراضی جس کی بنیادی قیمت محض 15 ہزار روپئے طئے تھی وہ حیرت انگیز طور پر 2 کروڑ روپئے میں فروخت کی گئی ۔ داؤد ابراہیم ہندوستان میں انتہائی مطلوب ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ وہ کراچی میں روپوش ہے ۔ دو کروڑ روپئے میں پلاٹ خریدنے والے شخص کا کہنا ہے کہ سروے نمبر اور جو رقم اس نے ادا کی ہے اس کو ملا کر ایک ایسا نمبر بنتا ہے جو اس ( خریدار ) کیلئے اچھا سمجھا جاتا ہے ۔ وہ اس اراضی پر ایک سناتن اسکول قائم کرنا چاہتا ہے ۔ مہاراشٹرا کے رتنا گری ضلع میں ممباکے گاوں میں چار پلاٹس داؤد ابراہیم کی ملکیت والے تھے جنہیں آج ہراج کیا جانا تھا ۔ ان سب کی جملہ قیمت 19.22 لاکھ روپئے طئے کی گئی تھی ۔ دو بڑے قطعات اراضی خریدنے کوئی بولی دہندہ آگے نہیں آیا جبکہ ایکپلاٹ جو 1,730 مربع میٹر کا ہے اس کی محفوظ قیمت 1.56 لاکھ روپئے مقرر تھی وہ 3.28 لاکھ روپئے میں فروخت کیا گیا ۔ سب سے چھوٹا پلاٹ 170.98 مربع میٹر کا تھا اور اس کی محفوظ قیمت 15,440 روپئے مقرر تھی تاہم یہ 2.01 کروڑ روپئے میں فروخت کیا گیا ۔ ایڈوکیٹ اجئے سریواستو نے یہ پلاٹ خریدا ۔ اجئے سریواستو اس سے قبل بھی داؤد کی تین جائیدادیں اسی گاوں میں خرید چکا ہے ۔ اس شخص کا کہنا ہے کہ وہ 2020 میں داؤد کے بنگلے کی بھی بولی لگا چکا ہے ۔ اس نے ایک سناتن دھرم پاٹھ شالہ ٹرسٹ قائم کیا ہے اور آج خریدے گئے پلاٹ کی رجسٹری کے بعد وہاں ایک سناتن اسکول بھی قائم کیا جائیگا ۔