انڈسٹریل ایریا سے ڈیزل سارقوں کی پشت پناہی پر پولیس عہدیداران معطل

   

ملزمین سے پوچھ تاچھ پر حیرت انگیز انکشافات کے بعد کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کا اقدام
حیدرآباد ۔ 31 مئی (سیاست نیوز) ڈیزل کی چوری کے معاملہ میں تحقیقات کے دوران حیرت انگیز انکشاف نے پولیس عہدیداروں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ میڑپلی پولیس نے انڈسٹریل ایریا چیرلہ پلی سے ڈیزل کا سرقہ کرنے والے سارقوں کی ٹولی کو بے نقاب کیا تھا اور اس ضمن میں کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے 6 پولیس ملازمین بشمول ایک انسپکٹر کو معطل کردیا۔ راست طور پر کمشنر کی زیرنگرانی میں کام کرنے والی اسپیشل آپریشن ٹیم سے اس انسپکٹر کی وابستگی حیرت کا سبب بنی ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ ایس او ٹی ایڈمن انسپکٹر رتنم کے علاوہ ایک ہیڈکانسٹیبل اسپیشل برانچ سے وابستہ کانسٹیبل کے علاوہ میڑپلی پولیس سے وابستہ تین کانسٹیبلس کو کمشنر نے معطل کردیا۔ یہ لوگ راست طور پر ڈیزل سارقوں کی پشت پناہی میں ملوث پائے گئے۔ پولیس جو اس کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ گذشتہ روز پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے ڈیزل کے چوروں سے پوچھ تاچھ کی۔ اس دوران ڈیزل چوروں نے حیرت انگیز انکشاف کیا اور اس بنیاد پر کمشنر نے اقدام کیا۔ بتایا گیا ہیکہ پولیس کی تحقیقاتی ٹیم مزید تحقیقات میں مصروف ہے اور پولیس کے رول پر تحقیقات کی جارہی ہیں جو ان چوروں سے معمول حاصل کرتے ہوئے ان کے غیرقانونی طور پر جاری کاروبار میں مددگار ثابت ہورہے ہیں۔