انڈیا ڈیپ ٹیک الائنس کی تشکیل، سیمی کون انڈیا کا بڑا اعلان

   

نئی دہلی، 2 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان میں ڈیپ ٹیک کمپنیوں کو فروغ دینے کے لیے وینچر کیپیٹل کمپنیوں کے ایک گروپ نے سیمی کون انڈیا 2025 کے پہلے دن انڈیا ڈیپ ٹیک الائنس (آئی ڈی ٹی اے ) کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ بانی اراکین نے ایک ارب ڈالر کے سرمائے کا عہد کیا ہے ۔ وینچر کیپیٹل کمپنی سیلسٹا کیپیٹل کے بانی منیجنگ پارٹنر شری رام وِشو ناتھن نے دوارکا کے یشوبھومی میں سیمی کون انڈیا کے افتتاحی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ‘آج مجھے سرکردہ عالمی اور ہندوستانی سرمایہ کاروں کے اتحاد کی جانب سے انڈیا ڈیپ ٹیک الائنس (آئی ڈی ٹی اے ) کے قیام کا اعلان کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ صنعت کا اتحاد ہے جو ہندوستان میں متحرک ڈیپ ٹیک ایکو سسٹم قائم کرنے کے لیے مختلف فریقین کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔’ مسٹر وِشو ناتھن نے کہا کہ آئی ڈی ٹی اے کا مقصد ہندوستان میں ڈیپ ٹیک کمپنیوں کی تعمیر کے لیے نجی سرمایہ اور مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دنیا کو اپنی خدمات فراہم کر سکیں اور امریکا-ہندوستان کاریڈور کو مزید مضبوط بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی ممبران نے مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا ہے اور آنے والے دنوں میں رکنیت بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس میں خاصا اضافہ ہونے کی امید ہے ۔ بانی اراکین میں سیلسٹا کیپیٹل کے علاوہ ایکسیل، پریم جی اِنویسٹ، بلُوم وی سی، گاجا کیپیٹل، آئی بی ایس، ڈریم وینچرز اور ٹینیسٹی وینچرز شامل ہیں۔ انہوں نے ہندوستان میں طویل المدتی ٹیکنالوجی کی ترقی پر یقین رکھنے والی مزید کمپنیوں سے آئی ڈی ٹی اے میں شامل ہونے کی اپیل کی۔مسٹر وِشنو ناتھن نے کہا کہ ‘عالمی اختراع کا اگلا زینہ ڈیپ ٹیک ہے ۔ یہ اگلی نسل کے جدت پسند اسٹارٹ اپس تیار کرنے کا موقع ہے جن میں پوری دنیا کے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی صلاحیت ہے اور اس کے لیے ہندوستان سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہو سکتی۔’