واشنگٹن : ہندوستان کو ایک ہندو قوم پرست ملک بننے کے خطرے کا سامنا ہے، ایک سبکدوش ہونے والے ڈیموکریٹک کانگریس مین نے ایوان میں اپنی تقریر کے دوران اس اندیشے کا اظہارِ کیا۔ امریکی ایوان نمائندگان میں اپنی وداعی تقریر میں رکن کانگریس اینڈی لیون نے اپنے آپ کو انسانی حقوق کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو انسانی حقوق میں زیادہ کامیابی ملی ہے، حالانکہ اس کے کئی حصوں میں صورتحال سنگین تھی۔ مشی گن کے نمائندہ اینڈی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ہندوستان جیسی جگہوں پر انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہوں، جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے لیکن اب یہاں ہندو قوم پرست مملکت بننے کا خطرہ منڈلارہا ہے۔ اینڈی نے کہا کہ میں ہندو مت کا چاہنے والا ہوں، جین مت، بدھ مت اور دیگر مذاہب سے محبت کرتا ہوں، جو ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں، لیکن ہمیں وہاں کے تمام لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنا چاہئے، چاہے وہ مسلمان ہوں، ہندو ہوں، بدھ ہوں، یہودی ہوں، عیسائی ہوں، جین ہوں۔ انہوں نے مصر سمیت کچھ دوسرے ممالک پر بھی روشنی ڈالی جہاں انہوں نے کہا کہ ہزاروں سیاسی قیدی جیلوں میں بند ہیں۔