انڈین قونصلیٹ جنرل جدہ میں ہندوستان کے 75 ویں یوم آزادی

   

(آزادی کا امرت مہوتسو) پُروقار انداز میں منایا گیا

عارف قریشی ،(جدہ ، سعودی عرب)
عزت مآب محمد شاہد عالم قونصل جنرل آف انڈیا جدہ نے 15 اگست 2021ء کو ہندوستان کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر انڈین قونصلیٹ جنرل جدہ میں قومی پرچم کشائی انجام دی اور صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ قونصل جنرل نے صدرجمہوریہ کا پیغام پڑھ کر سنانے کے بعد اپنی تقریر میں کہا کہ ہم نے انڈین کمیونٹی کیلئے نینو ٹیکنالوجی کے ذریعہ آن لائن خدمات فراہم کرنے کی شروعات کردی ہے۔ اس آن لائن خدمات سے ہندوستانیوں کو اپنے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس کے علاوہ ہم نے انڈین قونصلیٹ جنرل آفس جدہ میں ایمرجنسی ہیلپ لائن انڈین کمیونٹی کیلئے 24 گھنٹے فراہم کردی ہے۔ قونصل جنرل نے اپنی تقریر کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران وندے بھارت مشن کے تحت جو ہندوستانی اپنے وطن واپس جانا چاہتے تھے، ان کی واپسی کا انتظام کیا گیا۔ قونصل جنرل عزت مآب محمد شاہد عالم نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہورہے ہیں۔ ان 75 سال میں ہندوستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط سے مضبوط ہوتے رہے ہیں۔ ہمارے ملک کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر یہ 75 ویں سالگرہ کا جشن منائیں گے۔ یہ جشن انشاء اللہ دو سال تک جاری رہے گا۔ قونصل جنرل نے سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن سے کہا کہ کوئی بھی ہندوستانی اس جشن میں حصہ لے سکتا ہے۔ اگر کوئی ہندوستانی اپنے شہر اپنے گاؤں کی تہذیبی، ثقافتی، علمی، ادبی کلچرل پیش کرنا چاہتے ہیں تو وہ ہمارے قونصلیٹ سے ربط پیدا کریں۔ ہم ان کی ہر طرح سے مدد کرنے تیار ہیں۔