انگلش ٹیم میں کئی کھلاڑی برطانوی نہیں

   

لاہور ۔16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ 2019 کا فائنل جیتنے والی میزبان انگلینڈ کی ٹیم میں 7 کھلاڑی مہاجر ہیں۔ ان کھلاڑیوں کے آباؤاجداد کا تعلق انگلینڈ سے نہیں ہے۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان ایان مورگن آئرلینڈ کی جانب سے میچ کھیل چکے ہیں وہ آئرش ہیں تاہم بعد میں وہ انگلینڈ کی ٹیم میں شامل ہوئے۔ ٹیم میں دو پاکستانی نژاد کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ عادل رشید کے خاندان کا تعلق بھی پاکستان سے ہے اور وہ نقل مکانی کرکے انگلینڈ میں آباد ہوئے ۔ انگلینڈ ٹیم میں شامل معین علی بھی پاکستانی نژاد ہیں۔ ان کے دادا میر پور پاکستان سے انگلینڈ میں آباد ہوئے تھے تاہم معین علی برمنگھم میں پیدا ہوئے۔ ٹیم کے کھلاڑی جیسن روئے انگلینڈ میں پیدا نہیں ہوئے ، ان کی پیدائش جنوبی افریقہ کی ہے۔ انگلینڈ ٹیم کے ایک اور اہم کھلاڑی اور فاسٹ بولر جوفرا آرچر کا تعلق بھی انگلینڈ سے نہیں بلکہ ان کا تعلق ویسٹ انڈیز کے جزیرے باربا ڈوس سے ہے۔ آل راؤنڈر ٹام کرن کے والد کا تعلق زمبابوے سے ہے تاہم ٹام کرن جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے تھے۔ فائنل میں انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے بین اسٹوکس کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے۔ وہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پیدا ہوئے تھے۔