کوشک ریڈی کا چیلنج قبول، کے ٹی آر کو پارٹی ارکان اسمبلی کے ساتھ ڈرگ ٹسٹ کرانے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور رکن کونسل بی وینکٹ نے بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ڈرگ ٹسٹ کرانے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو انٹراٹسٹ پہنچے اور تقریباً دو گھنٹے تک بی آر ایس ارکان اسمبلی کا انتظار کیا۔ کوشک ریڈی نے کانگریس ارکان کو چیلنج کیا تھا کہ وہ اے آئی جی انسٹی ٹیوٹ پہنچیں تاکہ ڈرگ ٹسٹ کیلئے نمونے دے سکیں۔ انہوں نے بی آر ایس ارکان اسمبلی کے ساتھ پہنچنے کا اعلان کیا تھا۔ انیل کمار یادو اور بی وینکٹ کل رات اے آئی جی پہنچ کر دو گھنٹوں سے زائد تک بی آر ایس ارکان کا انتظار کیا لیکن کوئی نہیں پہنچا۔ دونوں قائدین نے آج اپولو ہاسپٹل پہنچ کر ڈرگ ٹسٹ کیلئے خون کے نمونے حوالے کئے اور کوشک ریڈی کو چیلنج کیا کہ وہ بھی ہاسپٹل پہنچ کر ڈرگ ٹسٹ کرائیں۔ خون کے نمونے پیش کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انیل کمار یادو اور بی وینکٹ نے مطالبہ کیا کہ کے ٹی آر کو پارٹی ارکان اسمبلی کے ساتھ مل کر ڈرگ ٹسٹ کیلئے تیار ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگس کیس منظرعام پر آتے ہی بی آر ایس ارکان اسمبلی نمودار ہوجاتے ہیں ۔ اگر کے ٹی آر ڈرگس کے خاتمہ میں سنجیدہ ہیں تو انہیں اپنے ارکان کے ساتھ ڈرگ ٹسٹ کیلئے تیار ہونا چاہیئے تاکہ یہ ثابت ہوجائے کہ کے ٹی آر ڈرگس کا استعمال نہیں کرتے۔ بی وینکٹ نے کہاکہ کوشک ریڈی کا وہ معیار نہیں کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی پر تبصرہ کرسکیں۔ کوشک ریڈی کی سیاسی زندگی کانگریس کی دین ہے اور انہوں نے کانگریس سے غداری کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ کوشک ریڈی کی زندگی سے عوام اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ڈرگس ٹسٹ کیلئے ہرگز تیار نہیں ہوں گے۔ کار ڈرائیونگ کرنے والے کوشک ریڈی نے کانگریس کو دھوکہ دے کر بی آر ایس سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور الیکشن میں شکست سے بچنے کیلئے خاندان کے ساتھ خودکشی کی دھمکی دیتے ہوئے عوام کو جذباتی بلیک میل کیا۔1