ممبئی: مہاراشٹرا حکومت کی جانب تاریخی شہراورنگ آباد اورعثمان آباد کے ناموں کی تبدیلی کے اعلان کے بعد گوگل نے بھی ان دو شہروں کے نام تبدیل کردئیے ہیں۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں سیاسی بحران کے درمیان سابق چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے کابینہ کا اجلاس میں اورنگ آباد شہر کا نام ’سمبھاجی نگر‘ اور عثمان آباد شہر کا نام بدل کر ’دھراشیو ‘رکھنے کو منظوری دے دی گئی تھی۔اسی طرح نوی ممبئی بین الاقوامی ایرپورٹ کا نام آنجہانی ڈی بی پاٹل بین الاقوامی ایرپورٹ رکھ دیا گیا تھا۔
ادھو ٹھاکرے حکومت کا یہ کابینہ کا آخری اجلاس تھا اس کے بعد ان کی حکومت اقتدارسے بے دخل ہوگئی۔
اس کے بعد شیو سینا کے باغی ارکان اوربی جے پی کی مخلوط حکومت مہاراشٹرا میں برسراقتدارآئی اورانھوں نے بھی سابق حکومت کے فیصلہ کو برقراررکھتے ہوئے نئے ناموں کا اعلان کردیا تھا۔