اومی کرون، حرمین شریفین میں سخت انتظامات کی ہدایت

,

   

۔ 67 سالہ جنوبی افریقہ کا سفر کرنے والی امریکی خاتون میں بھی نئے ویرینٹ کی تصدیق

مکہ مکرمہ؍ مدینہ منورہ ۔ عالمی وبا قرار دی جانے والے کورونا وائرس کی نئی قسم کا پہلا مریض سعودی عرب میں سامنے آنے کے بعد حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں حفظان صحت کے سخت انتظامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق شیخ السدیس نے انتظامیہ کے عہدے داروں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے مقرر کردہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرائیں ، تا کہ کسی قسم کی مشکل صورتحال میں مبتلا نہ ہوں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں شمالی افریقہ سے آنے والے ایک سعودی شہری میں اومی کرون کی علامات پائی گئی تھیں۔ سعودی عرب کی وزارت نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ متاثرہ سعودی شہری نے جن افراد سے بھی ملاقات کی ہے ان سب کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور تمام ممکنہ حفاظتی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔دوسری جانب امریکہ کے شہر نیویارک میں وائرس کی نئی قسم کے مزید 5کیس سامنے آنے پر کھلبلی مچ گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق نیو یارک میں اومی کرون کے5 نئے کیس سامنے آگئے ہیں،جس کے بعد امریکہ میں کیسوں کی تعداد 8 ہوگئی۔ امریکہ میں پہلا کیس کیلیفورنیا میں رپورٹ ہوا تھا، تاہم ویکسین شدہ مسافر میں اومی کرون کی ہلکی علامات پائی گئیں اور اب وہ صحت یاب ہو رہا ہے۔ نیویارک میں جنوبی افریقہ کا سفر کر کے آنے والی 67 سالہ خاتون میں بھی نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد اس بارے میں معلومات لی جا رہی ہیں کہ خاتون نے کورونا کی کتنی ڈوز لگوائیں تھیں۔ خطرات کے پیش نظر بائیڈن انتظامیہ نے ملک میں داخلے کے قوانین مزید سخت کردیے ہیں،جس کے تحت بغیر ویکسین لگوائے کوئی شخص ملک میں داخل نہیں ہوسکتا۔ آئندہ ہفتہ سے امریکہ کے لیے روانگی سے پہلے تمام مسافروں کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی، جو 24گھنٹے سے زیادہ پرانی نہ ہو۔