آخری چار سو طالبان قیدیوں کی رہائی خارج از امکان، اشرف غنی

   

کابل: افغان صدر اشرف غنی نے آخری چار سو طالبان قیدیوں کی رہائی کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر ٹیلی ویژن پر قوم سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ چار سو قیدی ایسے جرائم کی وجہ سے قید ہیں کہ ان کی فوری رہائی ممکن نہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ان کی رہائی کے لیے فیصلہ جرگے میں کیا جائے۔ اس سے قبل عید کے موقع پر خیر سگالی کے تحت غنی نے پانچ سو قیدیوں کی رہائی کے احکامات جاری کر دیے تھے۔ تاہم چار سو قیدیوں کو رہا نہ کرنے کا ان کا تازہ فیصلہ، امن مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہو سکتا ہے۔