آر جے ڈی کا منشور جاری، وعدوں کو بہر حال پورا کرنے کا عزم

,

   

اسمارٹ گاؤں کی تشکیل ، ٹھیکیداری کا خاتمہ اور یکساں کام کی یکساں تنخواہ کا وعدہ: تیجسوی یادو
پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابا ت 2020 کے لئے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے ہفتہ کو اپنا منشور جاری کر دیا ہے۔ پارٹی نے منشور کے ساتھ اپنی انتخابی مہم کا ترانہ (کیمپین سانگ) بھی جاری کیا۔ اس موقع پر تیجسوی یادو نے کہا، یہ ہمارا منشور نہیں، ہمارا عزم ہے، ہم بہار کو بہتر اور خوشحال بنائیں گے۔ انہوں نے اسمارٹ گاوں کی تشکیل، ٹھیکیداری کو ختم کرنے اور یکساں کام کی یکساں تنخواہ فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ آر جے ڈی کے منشور میں مزید وعدوں کے مطابق بہار میں موجودہ بجلی کی شرحوں کو کم کیا جائے گا۔ چینی، جوٹ، مکاھانا، پھلوں کے رس، دلیا، ڈبہ بند کھانے کی اشیا، ڈبا بند پھل اور سبزیاں، ماہی گیری، مرغی اور بطخ پروری اور شہد کے کاروبار کیلئے بغیر سود کے قرض دیا جائے گا۔ منشور میں کئے گئے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے پارٹی قائد تیجسوی یادو نے کہا کہ بی جے پی نوکری دینے کے نام پر عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وعدہ سچا ہے، اگر وہ چاہتے تو وہ بھی این ڈی اے کی طرح 50 لاکھ ملازمتوں کا جھوٹا وعدہ کرسکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں اور انہوں نے محکموں میں خالی پڑی جائیدادوں کے مطابق ہی ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’جو لوگ میرے اعلانات کا مذاق اڑاتے ہیں وہ اب خود روزگار دینے کی بات کر رہے ہیں۔ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ ہم روزگار دیں گے تو دوسری طرف وزیراعلیٰ نتیش کمار نوکری دینے میں ہاتھ کھڑے کر رہے ہیں۔ بی جے پی اپنا وزیر اعلیٰ کا چہرہ تک طئے نہیں کر پائی ہے۔ ان کی پارٹی کے سشیل مودی تو بہاریوں کو بے عزت کرنے میں بھی کوئی کسر باقی نہیں رکھتے۔ ان کا بیان بھی آئے دن بدلتا رہتا ہے۔‘‘ اس موقع پر آر جے ڈی کے ترجمان منوج جھا نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کی حکومت بنی تو تعلیم کے بجٹ کو بڑھا کر 22% کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں اور شہروں کے درمیان سہولیات کا فرق ختم کیا جائے گا۔ جھا نے کمپیوٹر کی تعلیم کو فروغ دینے کا بھی وعدہ کیا۔آر جے ڈی نے بہار کیلئے نئی صنعتی پالیسی لانے کا بھی وعدہ کیا جبکہ ان کی حکومت کی تشکیل کی صورت میں سرکاری ٹیچرس کا تقرر بھی کیا جائے گا۔ سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواست دیتے وقت کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ خواتین کو راغب کرنے کیلئے زچگی کے وقت 4,000 روپئے کی مدد کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ آنگن واڑی ورکرس کی اُجرت کو بھی دوگنا کرنے کا بھی وعدہ ہے۔