آسام میں سیلاب جیسی صورتحال ‘ 3افراد ہلاک

   

کیرالہ میں شدید بارش ‘ریڈالرٹ جاری، این ڈی آر ایف کی ٹیم روانہ

گوہاٹی: ریاست آسام میں مسلسل ہونے والی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، سیلابی صورتحال کے باعث سینکڑوں گھر متاثر ہوئے اور جانی نقصان بھی ہوا۔ میڈیا کے مطابق آسام کے ضلع دیما ہساؤ میں لینڈ سلائیڈنگ یعنی زمینی تودے گرنے سے 3 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 80 سے زائد گھر متاثر ہوئے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آسام میں پانی کے تیز بہاؤ سے سڑک کا ایک حصہ بہہ گیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔آسام ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 14 مئی تک 6 ضلعوں کے 94 گاؤں میں 24 ہزار سے زائد افراد طوفانی بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے۔دوسری طرف کیرالا کے چیف سکریٹری ڈاکٹر وی پی جوئے نے ریاست میں اگلے تین دن شدید بارش کی پیشن گوئی کے بعد یہاں کے مختلف ضلعوں میں ریڈ، آرینج اور یلو الرٹ جاری کئے جانے کے پیش نظر سبھی ضلع مجسٹریٹوں کو اپنے اپنے ضلعوں میں احتیاطی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔چیف سکریٹری نے ہفتے کی شام کو بلائی گئی ایک ہنگامی میٹنگ میں کہا،’’ تودے گرنے اور سیلاب کے خدشے والے علاقوں سے لوگوں کو نکالا جانا چاہئے۔ضرورت پڑے تو کیمپ بھی شروع کئے جاسکتے ہیں۔ان علاقوں میں کھانا اور پینے کے پانی سمیت بنیادی سہولیات یقینی بنائی جانی چاہئے۔‘‘ ذرائع نے بتایا کہ تودے گرنے اور سیلاب کے خدشے والے علاقوں میں خصوصی الرٹ سسٹم قائم کیا گیا ہے۔ریاست میں کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کررہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ ایرناکلم اور ایڈوکی ضلعوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے،جبکہ یہاں کے کچھ پہاڑی علاقوں میں آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے،جہاں کچھ دنوں پہلے شدید بارش ہوئی تھی اور آگے بھی گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کا امکان ہے۔تروونتپورم، تریشور، ملپورم، کوزیکوڈ اور وائناڈ میں آرینج الرٹ جاری کئے گئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے ریاست کے کچھ دیگر ضلعوں میں یلو الرٹ جاری کیا ہے،لیکن نچلے، ندی کے کنارے اور پہاڑی علاقوں میں تودے گرنے کے خدشے کے پیش نظر انہیں ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔