آسٹریلوی شہری شام کے پناہ گزین کیمپوں سے وطن واپس

   

طرابلس : دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کی بیویوں اور بچوں کا ایک گروپ شام میں برسوں گزارنے کے بعد آسٹریلیا واپس آ گیا۔ کینبرا ایسی مزید خواتین اور بچوں کو وطن واپس لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سڈنی میں چار خواتین اور 13 بچوں کی آمد کے ساتھ ہی، آسٹریلیا نے شمالی شام میں نام نہاد اسلامی شدت پسند گروپ اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے لیے لڑنے والے افراد کے خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کو وطن واپس لانے کے ایک نئے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ آسٹریلیا پہنچنے والا یہ گروپ شام کے بدنام زمانہ الروز کیمپ میں رہتا تھا۔ یہ کیمپ اسلامک اسٹیٹ کے زوال کے بعد، اس گروپ کے لیے لڑنے والے جنگجوؤں کے خاندان کے افراد کی رہائش کے لیے بنایا گیا تھا۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے آسٹریلوی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔