آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان مفاہمت

   

اسلام آباد 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصفزرداری سے معاملہ طے کرنے کیلئے شدید دباؤ ہے۔جہلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں دو خاندانوں کا مافیا بیٹھا ہوا تھا ایک نواز شریف اور دوسرے آصفزرداری۔ نواز شریف نے کاغذی کمپنیاں بناکر منی لانڈرنگ کی جبکہ زرداری نے کاغذی کمپنیاں بنائیں جو لوگوں سے کمیشن لیتی تھیں، ان کی 7 نسلوں میں کسی نے کام نہیں کیا، تاہم عوام نے عمران خان کی قیادت میں ایک مافیا کو شکست دے دی ہے، اب ان دونوں کی چیخیں آسمان تک جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی کے دباؤ میں نہیں آئے اور نہ آئیں گے، وہ واحد آدمی ہیں جنہوں نے پارٹی کے اندر اور باہر یہ واضح کیا کہ کوئی سودے بازی نہیں ہوگی اور احتساب منطقی انجام تک پہنچے گا۔فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف اور آصفزرداری کے خلاف معاملہ ختم کرنے کے لیے حکومت پر بہت دباؤ تھا، ہر شخص روز اٹھ کر کہتا ہے کہ اسمبلی بھی چلانی ہوتی ہے، ان دونوں سے کچھ لے دے کرکے معاملہ ختم کرو، بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہاتھ ہلکا رکھو سیاست بہت تلخ ہوجاتی ہے، میں ان لوگوں سے کہتا ہوں کہ اگر کچھ لے دے کر سمجھوتہ کرنا تھا تو پھر ہم نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا ہی کیوں ہے۔