آندھراپردیش میں عازمین حج کی آج قرعہ اندازی

   

حیدرآباد۔ 9 جنوری (سیاست نیوز) حج۔2020ء کے لیے آندھراپردیش میں عازمین حج کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی کل 10 جنوری کو شام 4:30 بجے کڑپہ کے ضلع کلکٹر ہال میں منعقد ہوگی۔ ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی ایل عبدالقادر کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ کڑپہ ضلع کے درخواست گزاروں کے علاوہ حج سوسائٹیوں کے نمائندوں اس موقع پر موجود رہیں گے۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کو جملہ 3140 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرے میں 88 درخواستیں شامل ہیں۔ آندھراپردیش کے 13 اضلاع میں سب سے زیادہ درخواستیں ضلع کرنول سے داخل کی گئیں جن کی تعداد 703 ہے۔ جبکہ سب سے کم صرف 5 درخواستیں سریکاکلم سے داخل کی گئی۔ ایگزیکٹیو آفیسر کے مطابق وجئے واڑہ ایرپورٹ سے 2621 عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی جبکہ حیدرآباد سے 125 اور بنگلور سے 394 عازمین حج سعودی عرب کے لیے پرواز کریں گے۔