حیدرآباد۔13۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی ’ شادی مبارک ‘ اسکیم کے تحت درخواستوں کی یکسوئی کیلئے ایک سال سے زائد کا عرصہ درکار ہے! مستحق لڑکیوں کی شادی کیلئے اسکیمات شادی مبارک اور کلیان لکشمی کے تحت درخواستوں پر انہیں اندرون 3ماہ رقومات کی اجرائی عمل میں لائی جانی چاہئے اور حکومت کی جانب سے کلیان لکشمی اسکیم کی رقومات کی اجرائی کے معاملہ میں جو مستعدی دکھائی جا رہی ہے وہ مستعدی شادی مبارک اسکیم کیلئے نہیں دکھائی جا رہی ۔ اس سلسلہ میں محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے مجاز عہدیداراور محکمہ مال بالخصوص تحصیلدار سے درخواستوں کی تنقیح و تحقیق کے بعد ہی رقومات کی اجرائی عمل میں لائی جاتی ہیں اسی لئے حکومت یا محکمہ فینانس کو تاخیر کیلئے ذمہ دار قراردیاجانا درست نہیں ہے کیونکہ کلیان لکشمی اسکیم میں رقومات پر مشتمل کروڑہا روپئے کے چیکس کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی لاپرواہی اور بے اعتنائی کے سبب ’شادی مبارک‘ اسکیم کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی عمل میں نہیں لائی جار ہی ہے اور جاریہ سال کے اوائل میں جو درخواستیں داخل کی گئی ہیں ان کو اب تک رقومات جاری نہیں کی گئیں اور ہزاروں درخواست گذار دفاتراور می ۔سیوا کے چکر کاٹ رہے ہیں۔