اپوزیشن اتحاد ’ بنا دولہے کی بارات ‘ : شیوراج چوہان

,

   

نئی دہلی 27 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن کے اتحاد کو بنا دولہے کی بارات قرار دیتے ہوئے سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حریف جماعتوں میں وزیر اعظم مودی جیسا کوئی لیڈر نہیں ہے ۔ چوہان کو حال ہی میں بی جے پی کا نائب صدر بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی ایک مقبول عام لیڈر ہیں اور ان کی پارٹی مودی کی قیادت میں 2019 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کریگی ۔ چوہان نے پی ٹی آئی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ اپوزیشن اتحاد در اصل بنا دولہے کی بارات ہے ۔ اس کا کوئی نیتا نہیں ہے ۔ انہو نے کہا کہ یہ لوگ صرف اپنی بقا کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ آئے ہیں۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ اپوزیشن کی صفوں میں مودی کی طرح کا کوئی مقبول لیڈر نہیں ہے شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ بی جے پی قائدین مودی کے پیچھے ہیں تاکہ انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کو یقینی بناسکیں۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن میں مودی جیسا قد آور کوئی لیڈر نہیں ہے ۔ بی جے پی کے تمام قائدین مودی کے ساتھ ہیں۔ مودی نہ صرف ان کے لیڈر ہیں بلکہ وہ سارے ملک کے لیڈر ہیں۔ مستقبل میں بی جے پی میں اپنے رول کے تعلق سے سوال پر چوہان نے کہا کہ پارٹی قیادت ان کیلئے جو کچھ بھی فیصلہ کریگی وہ کرنے کو تیار ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ جذباتی طور پر مدھیہ پردیش سے وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی نہ کسی طرح سے مدھیہ پردیش کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ اس سوال پر کہ آیا وہ قومی سیاست میں داخل ہونگے چوہان نے کہا کہ پارٹی صدر اور وزیر اعظم ان کے تعلق سے جو کچھ بھی فیصلہ کرینگے وہ اس کی پابندی کرینگے ۔ شیوراج چوہان 2019 انتخابات کیلئے پارٹی کی انتخابی منشور کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔