اپوزیشن میں نہ قائدین ہیں اور نہ پالیسیاں : امیت شاہ

,

   

ایروڈ (ٹاملناڈو) 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے آج اپوزیشن اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اُس میں قائدین، پالیسیوں اور فلسفہ کا فقدان ہے اور کہاکہ اُن کی پارٹی کی زیرقیادت این ڈی اے ’’طاقتور‘‘ ہے۔ ڈی ایم کے اور کانگریس کے اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ مجوزہ اتحاد سے ٹاملناڈو کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اِس میں ’’اسکام اور کرپشن‘‘ بھرے ہوئے ہیں۔ این ڈی اے وزیراعظم نریندر مودی کے تحت قوم کی رہنمائی کے لئے اور مسلسل دوسری میعاد کے لئے تیار ہے۔ صدر بی جے پی ہینڈلوم اور پاورلوم اسوسی ایشنس کے جلسہ سے یہاں خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک پہلے ہی دو اتحاد دیکھ چکا ہے۔ ایک (صدر کانگریس) راہول گاندھی کے تحت اور ایک مہا گٹھ بندھن کے تحت جس میں کوئی قائد نہیں ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت کے تحت این ڈی اے ایک طاقتور اتحاد ہے جو قوم کی رہنمائی کے لئے تیار ہے۔