اپوزیشن کی محاذ بندی کیلئے کانگریس کا انتظار: نتیش

,

   

کانگریس کا ساتھ ہو تو بی جے پی کو 100 سیٹس بھی نہیں ملیں گی:چیف منسٹر بہار

پورنیہ:آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب کے لیے اپوزیشن پارٹیوں نے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ مودی حکومت کے خلاف محاذ بندی کی تیاریاں بھی زور و شور سے چل رہی ہیں۔ اس درمیان بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پورنیہ میں مہاگٹھ بندھن کی مہاریالی سے خطاب کرتے ہوئے ایک ایسا بیان دیا ہے جو بی جے پی کے لیے فکر انگیز ہے۔ انھوں نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’2024 میں اپوزیشن اتحاد کی محاذ بندی کے لیے کانگریس پارٹی کے فیصلے کا انتظار ہے۔ اگر کانگریس سمیت اپوزیشن کی سبھی پارٹیاں ایک اسٹیج پر آ جاتی ہیں تو بی جے پی 100 سیٹ بھی نہیں جیت پائے گی۔‘‘ ساتھ ہی نتیش کمار نے یہ بھی کہا کہ اگر اپوزیشن جلد ایک پلیٹ فارم پر جمع نہیں ہوئی تو بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف آر جے ڈی چیف اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے بھی 2024 میں مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے عزائم کا اظہار کیا۔ انھوں نے مہاگٹھ بندھن کی ریالی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کیا۔ لالو پرساد نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ’’ہم اور نتیش ایک ہو گئے ہیں۔ کوئی غلط فہمی کا شکار نہ ہو۔ یہ گٹھ بندھن نظریات کا ہے۔ اس کے بعد (لوک سبھا الیکشن کے بعد) بہار میں 25۔2024 کے انتخاب ہوں گے جس میں ریکارڈ ٹوٹیں گے۔ ہمیں آئین اور ملک کو بچانا ہے۔ بہار کو آگے بڑھانا ہے۔‘‘ اس درمیان لالو پرساد نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ٹوئٹ میں لالو پرساد نے لکھا ہے کہ ’’ہمیں ملک کو بچانا ہے، بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو بچانا ہے، بہار اور ملک کو آگے بڑھانا ہے، اقلیتوں کی حفاظت کرنی ہے۔ اب نریندر مودی کی حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘