اچانک مکمل لاک ڈاؤن سے عوام میں دہشت

,

   

مزدوروں کی ضرورتوں کا خیال کرنے مرکزی حکومت پر راہول گاندھی کا زور

نئی دہلی 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج کہاکہ کورونا وائرس کو روکنے کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے اچانک لاک ڈاؤن کے اعلان سے عوام میں دہشت اور شدید اُلجھن پیدا ہوگئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے نام اپنے مکتوب میں راہول گاندھی نے غریب افراد کی مصیبتوں اور پریشانیوں کا ذکر کیا اور لاک ڈاؤن سے ہٹ کر اِس مہلک وباء سے نمٹنے کے لئے ترقی یافتہ ممالک کی طرح اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ ہندوستان کے حالات نازک ہیں۔ ہندوستان کو بڑے ممالک کی طرح مختلف اقدامات کرنا چاہئے جو مکمل لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر عمل کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ہندوستان میں یومیہ مزدوری پر انحصار کرنے والے غریب افراد کی بڑی تعداد ہے۔ کورونا وائرس وباء کی وجہ سے تمام معاشی سرگرمیوں کو یکطرفہ طور پر بند کردیا گیا ہے۔ اِس کے نتائج سنگین ہورہے ہیں۔ فیاکٹریاں، چھوٹی صنعتیں اور تعمیراتی کام بند کردیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مزدور اپنے آبائی مقامات کو واپس جانے کے لئے مجبور ہوگئے ہیں۔ یومیہ مزدوری سے محروم ہونے کے باعث وہ بے یار و مددگار ہوگئے ہیں۔ یہ بات اہمیت رکھتی ہے کہ اُن کے لئے شیلٹر اور اُن کے بینک اکاؤنٹ میں راست رقم کی منتقلی کو یقینی بنائیں تاکہ وہ آنے والے مہینوں میں اِن حالات پر قابو پاسکیں۔ مکمل لاک ڈاؤن سے ہزاروں بیروزگار نوجوان اپنے دیہاتوں کو واپس ہورہے ہیں جس سے کورونا وائرس کی وباء کے پھیلنے کے خطرہ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ عمر رسیدہ اور ضعیف افراد کو علیحدہ رکھنا اور اُن کا تحفظ ہماری اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔