اڈانی ایشیا کے امیر ترین شخص، امبانی پیچھے ہوگئے

,

   

نئی دہلی : ہندوستانی ارب پتی گوتم اڈانی جنھوں نے چھوٹی اشیاء کی تجارت کے کاروبار کو کئی بندرگاہوں، کانوں اور گرین انرجی کے اجتماعی ادارے میں تبدیل کردیا، اب وہ ایشیا کے امیر ترین شخص بن چکے ہیں۔ 59 سالہ اڈانی کی خالص دولت 88.5 بلین ڈالر ریکارڈ ہوئی۔ بلومبرگ بلینئرس انڈیکس کے مطابق گزشتہ روز تک حاصل شدہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ اڈانی کے ہم وطن مکیش امبانی 87.9 بلین ڈالر کے ساتھ اب دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ اڈانی نے اپنی شخصی دولت میں لگ بھگ 12 بلین ڈالر کا اضافہ کیا ہے، جو رواں سال دنیا میں سب سے زیادہ اُچھال ہے۔ کوئلے کے شعبہ میں اڈانی کا بہت بڑا حصہ ہے۔ اُن کے متنازعہ آسٹریلیائی کانکنی پراجکٹ پر آب و ہوا کے جہد کاروں بشمول گریٹا تھنبرگ نے تنقید کی تھی۔ تاہم اڈانی کا گروپ اب کوئلے کے علاوہ کئی اشیاء کے معاملوں میں پھیل گیا ہے۔ وہ قابل تجدید توانائی، ایرپورٹس، ڈیٹا سنٹرس اور ڈیفنس کنٹراکٹس کے شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ شعبے وزیراعظم نریندر مودی کی ترجیحات میں سے ہیں۔ وزیراعظم ان کو قوم کی تعمیر کے لئے اور ملک کے طویل مدتی معاشی مقاصد کی تکمیل کے لئے اہم باور کرتے ہیں۔