اڈانی گروپ آف کمپنیز سے برقی میٹرس یا برقی سربراہی پر کوئی معاہدہ نہیں

   

قانون حق آگہی کے تحت این جی او ’ یوگانتر ‘ کے سوال پر ٹی ایس سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کا جواب
حیدرآباد۔4۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ نے برقی میٹرس یا برقی سربراہی کے سلسلہ میں کوئی معاہدہ اڈانی گروپ آف کمپنیز سے نہیں کیاہے۔قانون حق آگہی کیذریعہ حکومت کو عوام کے آگے جوابدہ بنانے کا کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’یوگانتر‘ کی جانب سے جناب کریم انصاری نے ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل کو قانون حق آگہی کے تحت روانہ کئے گئے سوال میں استفسار کیا تھا کہ انہیں اڈانی گروپ اور ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل کے درمیان کئے گئے معاہدہ کی نقولات فراہم کی جائیں جس پر برقی سربراہ کرنے والی کمپنی نے واضح طور پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے اڈانی گروپ کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیاہے ۔ گذشتہ چند ماہ کے دوران ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے اڈانی گروپ کے ذریعہ برقی سربراہی اور بلوں کی وصولی کے سلسلہ میں پائلٹ پراجکٹ کی قیاس آرائیوں کے دوران حکومت تلنگانہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے لیکن قانون حق آگہی کے تحت جناب کریم انصاری کی جانب سے دریافت کئے گئے جواب میں خود ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل نے یہ کہہ دیا ہے کہ ان کے اور اڈانی گروپ کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے جبکہ پرانے شہر میں تجرباتی اساس پر برقی بلز کی وصولی کی ذمہ داری اڈانی گروپ کو تفویض کئے جانے کا معاملہ ایوان اسمبلی میں بھی اٹھایا جاچکا ہے۔3