گردابی طوفان اور خشک سالی سے متاثرہ ریاستوں میں راحت کاری کیلئے مرکز کی مساعی
نئی دہلی۔ 20 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک اعلی سطحی میٹنگ میں خشک سالی،تودے گرنے ، اولے گرنے اور گردابی طوفان سے متاثر تین ریاستوں کو 4432 کروڑ روپے کی مدد منظور کی ہے ۔کمیٹی نے یہ رقم نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے فنڈ سے جاری کی ہے ۔اس میں سے 3338.22 کروڑ روپے گردابی طوفان فانی سے متاثراڈیشہ،خشک سالی سے متاثر کرناٹک کیلئے 1029.39کروڑ اور اولے اور برفباری سے متاثر ہماچل پردیش کیلئے 64.49کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے ۔ میٹنگ میں مسٹر شاہ کے علاوہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن ،وزیر زراعت نریندرسنگھ تومر نے حصہ لیا۔اس کے علاوہ داخلہ،خزانہ اور زراعت کی وزارتوں کے ساتھ ساتھ نیتی آیوگ کے سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔یہ رقم نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے فنڈ سے پہلے ہی جاری کی جاچکی رقم کے علاوہ ہے ۔قدرتی آفات کے بعد ریاستوں کی اپیل پر بھیجی جانے والی بین وزارتی ٹیموں سے جڑے معاملوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ اب شدید قدرتی آفات کے بعد مرکزی ٹیم کی فوراً تشکیل کی جائے گی،جو متاثرہ ریاستوں کی حالت جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔اس فیصلہ کے پیش نظر سیلاب متاثرہ ریاستوں آسام، میگھالیہ ، بہار، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، گجرات، راجستھان، مہاراشٹر، کرناٹک، کیرالہ اور تریپورہ کے لئے مرکزی ٹیمیں تشکیل کی جائیں گی۔میٹنگ میں سیلاب متاثرہ ان ریاستوں کی حالت کا جائزہ لیاگیا اور مختلف ایجنسیوں کو لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی گئی۔