اڈیشہ کے پانچ میڈیکل کالجوں میں تدریسی اسپتالوں کا افتتاح

   

بھونیشور : وزیر اعلی نوین پٹنائک نے صحت کی خدمات اور طبی تعلیم کو مستحکم بنانے کی کوششوں کے تحت ہفتہ کو اڈیشہ کے پانچ سرکاری میڈیکل کالجوں میں تدریسی اسپتالوں کا افتتاح کیا۔ نوین پٹنائک نے ریاست میں چار میڈیکل کالجوں کو عالمی معیار کی سہولیات سے لیس کرنے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیر اعلیٰ نے اس ضمن میں بالانگیر کے بھیما بھوئی میڈیکل کالج اور اسپتال اور باری پاڑا کے پنڈت رگھوناتھ مرمو میڈیکل کالج اور اسپتال میں 600 بستروں کے اسپتالوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سندر گڑھ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال اور کیونجھر میں دھرنی دھر میڈیکل کالج اور اسپتال میں 500 بستروں کے اسپتال کا بھی افتتاح کیا۔ بالاسور کے موہن میڈیکل کالج اور اسپتال میں 650 بستروں کی صلاحیت والے اسپتال کا بھی افتتاح کیا گیا۔ چیف منسٹر کے دفتر(سی ایم او) کے ذرائع نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ان پانچ اسپتالوں میں 2950 بستر کے لیے 2000 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے ہیں۔ اس کے علاوہ کٹک میں آچاریہ ہریہر پوسٹ گریجویٹ کینسر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، برہم پور میں ایم کے سی جی میڈیکل کالج اور اسپتال، رورکیلا گورنمنٹ اسپتال (آر جی ایچ) اور برلا میں ویر سریندر سائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ ریسرچ (VIMSAR) میں توسیع کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ ان اسپتالوں میں عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد ریاست کے لوگوں کو بہتر طبی علاج اور صحت کی خدمات فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے لوگوں نے حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات پر بھروسہ کیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاستی حکومت جلد ہی برہم پور اور برلا میڈیکل کالجوں میں میڈیکل کورس کے طلبہ کے مطالبات کو پورا کرے گی۔