گاندھی نگر: گجرات انتخابات میں ہر پارٹی اپنی پوری طاقت انتخابی مہم میں جھونک رہی ہے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتابسوا سرما نے آج ایک ریالی میں یکساں سول کوڈ کا شوشہ چھوڑا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہندو ایک سے شادی کرتا ہے تو دوسرے مذاہب کے لوگوں کو بھی ایک ہی شادی کرنی پڑے گی۔ ملک میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ ہونا چاہیے۔ ایک شخص 2یا3 شادیاں کرتا ہے، آخر آپ 2یا3 شادیاں کیوں کریں گے؟ انہوں نے ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی ضرورت پر بات کی۔ خیال رہے کہ اتراکھنڈ کی طرح بی جے پی نے اپنے منشور میں ہماچل پردیش اور گجرات دونوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی بات کی ہے۔ انہوں نے شردھا قتل کیس کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آفتاب نامی مسلمان لڑکے نے ایک ہندو لڑکی کے 35 ٹکڑے کر دیئے۔ اس نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر یہ سب کیا۔ وہ دوسری لڑکیوں کو بھی ڈیٹ کرتا تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت سے آفتاب ہیں لہٰذا ’لو جہاد‘ کے خلاف قانون بنایا جائے۔ اس سے پہلے کچھ کے جلسے میں انہوں نے کہا تھا ’’ملک میں مضبوط لیڈر نہیں ہوگا تو ہر شہر میں آفتاب پیدا ہوگا!‘‘ گجرات الیکشن کیلئے اب صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ یکم دسمبر کو ہونے جا رہی ہے ۔