اہم خبر! بلقیس بانوکےمجرمین کوسپریم کورٹ کاجھٹکا،21جنوری تک کریں خودسپردگی کا دیا حکم

   

نئی‌ دہلی: بلقیس بانو معاملے کے سبھی 11 مجرموں کو سپریم کورٹ کی جانب سے بڑا جھٹکا لگا ہے, عدالت نے جمعہ کو اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں مجرموں نے خودسپردگی کی آخری تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ مجرموں کے خود سپردگی اختیار کرنے کا وقت 21 جنوری کو ختم ہو رہا ہے۔جسٹس بی وی ناگرتھنا اور جسٹس اجل بھوئیاں کی بنچ نے کہا کہ مجرموں کی طرف سے دی گئی وجوہات میں کوئی میرٹ نہیں ہے۔ بنچ نے مزید کہا، ‘ہم نے سب کے دلائل سنے۔ درخواست دہندگان کی جانب سےخودسپردگی اختیار کرنے اور واپس جیل میں رپورٹ کرنے کی جو وجوہات بتائی گئی ہیں ان میں کوئی میرٹ نہیں ہے۔ اس لیے درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔

بلقیس بانو کیس کے پانچ مجرموں نے جمعرات کو سپریم کورٹ سےخود سپردگی اختیار کرنے کے لیے مزید مہلت مانگی ہے ۔ سپریم کورٹ نے حال ہی میں گجرات حکومت کی طرف سے دی گئی معافی کو کالعدم قرار دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی اور ان کے خاندان کے سات افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔