میونخ : جرمنی کے شہر میونخ کے ایئرپورٹ پر ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو سوٹ کیس میں نایاب نسل کا البینو مگرمچھ لے کر جا رہا تھا۔فاکس نیوز کے مطابق سنگاپور سے جرمنی آنے والے شخص کے سامان کی جب سکیننگ کی گئی تو ایسی شبہیہ ابھری کہ جیسے مگرمچھ دائرے کی شکل میں بیٹھا ہے۔جب سوٹ کیس کو کھولا گیا تو اس میں البینو مگرمچھ موجود تھا جس کے اوپر اتنی زیادہ سلوشن ٹیپس لپیٹی گئی تھی جس سے وہ حرکت تک نہیں کر سکتا تھا، صرف اس کے نتھنوں کو کھلا چھوڑا گیا تھا جبکہ منہ بھی باندھا گیا تھا۔جب کسٹم حکام نے ٹیپس ہٹائیں تو مگرمچھ انتہائی بری حالت میں تھا تاہم اس کو جانوروں کے ماہرین کے حوالے کیا گیا اور کچھ ہی دیر میں اس کی حالت سنبھل گئی۔سکائی نیوز نے مقامی اخبارات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت سوشل میڈیا پر ایسی تصویریں بھی گردش کر رہی ہیں جن میں سے ایک ایکس رے مشین کی ہے۔