ایئر انڈیا کی ممبئی سے نیویارک، پیرس، فرینکفرٹ کیلئے نئی پروازیں

   

نئی دہلی: ایئر انڈیا نے چہارشنبہ کو ممبئی سے نیویارک، پیرس اور فرینکفرٹ کیلئے نئی پروازوں اور دہلی سے کوپن ہیگن، میلان اور ویانا کیلئے نان اسٹاپ پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ایئر لائن نے چہارشنبہ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی۔نیویارک کیلئے نئی سروس بی 777-200 ایل آر طیارے کے ذریعہ جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک چلائی جائے گی اور یہ 14 فروری 2023 سے شروع ہوگی۔اس کے بعد ایئر انڈیا کی نان اسٹاپ ہند۔امریکی پروازوں کی تعداد بڑھ کر 47پروازیں فی ہفتہ ہو جائے گی۔ بیان کے مطابق، ایئر انڈیا یکم فروری 2023 سے دہلی۔میلان کیلئے چار ہفتہ وار پروازیں اور 18 فروری اور یکم ؍ مارچ 2023 سے بالترتیب دہلی۔ویانا اور دہلی۔کوپن ہیگن کیلئے تین ہفتہ وار پروازیں چلائے گی۔
اگلی سہ ماہی سے ممبئی سے پیرس (3ہفتہ وار) اور فرینکفرٹ (4 ہفتہ وار) نئی پروازیں شروع کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔توسیع پر تبصرہ کرتے ہوئے ، ایئر انڈیا کے سی ای او اور ایم ڈی کیمپبل ولسن نے کہا ‘‘ہمارے پانچ سالہ تبدیلی کے منصوبے کا ایک اہم مقصد ہندوستان کے عالمی نیٹ ورک کو مضبوط کرنا اور ملک کے بڑے شہروں میں زیادہ سے زیادہ مقامات کو جوڑنا ہے ۔ نیویارک، میلان، ویانا، کوپن ہیگن، پیرس اور فرینکفرٹ کیلئے ان نئی نان اسٹاپ پروازیں متعارف کرانا اس سمت میں ایک اہم قدم ہے ، جو ہمارے طیاروں کے بیڑے کی توسیع کے ساتھ ساتھ آگے بڑھے گا۔ ہم مہمانوں کا خیرمقدم کرنے اور انہیں ایئر انڈیا میں ہندوستان کی بہترین مہمان نوازی فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔