ایئر انڈیا کی پرواز میں کارتوس و بارود برآمد، تفتیش شروع

   

نئی دہلی:دبئی سے دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز نمبر اے آئی 916 میں کارتوس اور بارود ملنے کے بعد ہلچل مچ گئی۔ یہ واقعہ 27 اکتوبر کو پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلائٹ میں ایک سیٹ کے نیچے سے کارتوس اور بارود ملے تھے، ایئر انڈیا ملازمین کو فلائٹ میں معمول کی صفائی کے دوران کارتوس ملنے کے بعد آئی جی آئی اے پولیس نے آرمس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ جیسے ہی عملے نے جہاز میں کارتوس اور بارود دیکھا، فوری اہلکاروں کو اطلاع دی۔ فی الحال یہ پورا معاملہ زیر تفتیش ہے۔خاص بات یہ ہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ کچھ دنوں سے مسلسل مختلف پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔اس واقعہ کے بعد ایئر انڈیا نے بیان جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پرواز میں کارتوس اور بارود موجود ہونے کی اطلاع پر تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔ اس واقعہ میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔ ایئر انڈیا نے فوری طور پر ہوائی اڈے پولیس میںشکایت کی ہے۔